حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا ماحول سازگار نہیں ہے، بیرسٹر علی ظفر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا کوئی ماحول موجود نہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ تحریک انصاف مذاکرات کی مکمل حامی ہے، مگر بدقسمتی سے مذاکرات کی کوئی روشنی نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سنجیدہ ہوتی تو ماحول مذاکرات کے لیے سازگار بنایا جا سکتا تھا۔

سینیٹر علی ظفر نے آئین کے آرٹیکل 17 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو سیاست کرنے کا حق حاصل ہے، لیکن اس وقت ہماری پارٹی کو اپنی سیاسی سرگرمیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 17 ٹو واضح طور پر کہتا ہے کہ ملک کی سالمیت کے خلاف کوئی سیاسی جماعت سرگرم نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پارلیمنٹ میں اس آرٹیکل پر کافی بحث ہوئی، جس کے بعد الیکشن ایکٹ بنایا گیا۔

اس ایکٹ کے تحت کسی بھی جماعت کے خلاف تفصیلی ثبوت پیش کرنا ضروری ہے جو ملک کی سالمیت کے خلاف ہو۔

یہ بھی پڑھیں : خسارے والے ادارے اب نجکاری کے ذریعے مضبوط ہوں گے، وزیر اعظم

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ صرف الزام لگانا کافی نہیں، بلکہ باقاعدہ ثبوت سپریم کورٹ یا آئینی عدالت میں پیش کرنا لازمی ہے۔

سینیٹر علی ظفر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت مذاکرات کا ماحول پیدا نہیں کر رہی، اسی وجہ سے معاملات تعطل کا شکار ہیں۔

ان کا مؤقف تھا کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، مگر جب ماحول ہی سازگار نہ ہو تو مذاکرات کارگر ثابت نہیں ہو سکتے۔

Scroll to Top