ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے ٹریفک متاثر ہو گئی ہے جس کے پیشِ نظر موٹر وے پولیس نے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد موٹر ویز کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم 1 موٹر وے رشکئی سے پشاور تک ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے، اسی طرح ایم 2 موٹر وے اسلام آباد سے للہ انٹرچینج تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق ایم 4 موٹر وے شیر شاہ سے شام کوٹ تک ٹریفک معطل ہے جبکہ ایم 5 موٹر وے شیر شاہ سے روہڑی تک بھی آمدورفت کے لیے بند کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ ایم 14 موٹر وے فتح جھنگ سے داؤد خیل تک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موٹروے پر سفر کرنے والے خبردار: موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند
موٹر وے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور روانگی سے قبل موٹر وے اور شاہراہوں کی تازہ صورتحال معلوم کریں۔
ترجمان موٹروے نے کہا کہ ڈرائیور حضرات دورانِ سفر رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور حفاظتی فاصلہ برقرار رکھیں۔
مزید معلومات کے لیے مسافروں کو موٹر وے پولیس ہیلپ لائن سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





