وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ کراچی، شیڈول اور سرگرمیاں سامنے آ گئیں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی تین روزہ دورے کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ سے کراچی روانہ ہو گئے۔

وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین اور خیبر پختونخوا سے پارٹی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان بھی موجود ہیں۔

دورے کے دوران سہیل آفریدی انصاف ہاؤس میں پارٹی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور پریس کلب کا بھی دورہ کریں گے۔

پیر کو وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کریں گے جبکہ 11 جنوری کو مزار قائد پر بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ کے شیڈول میں ضلع جنوبی، ملیر اور کورنگی میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت، جیل اسیران سے ملاقاتیں، حیدرآباد اور کوٹری میں ریلیاں اور بار ایسوسی ایشنز و تاجر تنظیموں سے ملاقاتیں شامل ہیں۔

اتوار کو وہ آئی ایل ایف، سینئر وکلاء اور آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن سے ملاقات کریں گے جبکہ کیماڑی اور ضلع غربی میں اسٹریٹ موومنٹ کے علاوہ مزار قائد کی زیارت بھی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سندھ میں میڈیا نمائندگان سے بھی ملاقات کریں گے اور پیر کو سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے بعد پشاور واپس روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کے کراچی دورے سے قبل شیرجیل کا ایسا بیان کہ کھلاڑیوں کے دل جوش و جذبے سے دھڑک اُٹھے

پارٹی ذرائع کے مطابق یہ دورہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات پر سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ کو مزید تیز کرنے کے لیے اہم ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر عوام نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔

Scroll to Top