یونیورسٹی آف پشاور شدید مالی بحران کا شکار، وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا، جیک

پشاور: جامعہ پشاور کو درپیش سنگین مالی بحران کے باعث اساتذہ اور ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
یونیورسٹی آف پشاور کی جائنٹ ایکشن کمیٹی (جیک) نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
جائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت مالی اور انتظامی دونوں حوالوں سے پشاور یونیورسٹی کو چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
کمیٹی کے مطابق یونیورسٹی کو طویل عرصے سے شدید مالی بحران کا سامنا ہے، جس کے باعث ملازمین اور اساتذہ کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی ممکن نہیں رہی۔
جیک کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر فوری طور پر مالی مسائل حل نہ کیے گئے تو کلاسز کے بائیکاٹ سمیت سخت احتجاجی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
کمیٹی کا مؤقف ہے کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام آنے سے یونیورسٹی کو مالی استحکام مل سکتا ہے اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے سے بچائی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیںاگر سہیل آفریدی کو ویلکم نہ کرتے تو انہیں اسمبلی میں آنے کی اجازت کیوں دی جاتی؟ رانا ثنا اللہ

جائنٹ ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور جامعہ پشاور کو درپیش مالی بحران کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کرے، تاکہ اساتذہ، ملازمین اور طلبہ کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top