واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کے معاملے پر روس اور چین کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اس علاقے پر کسی بھی ملک کو قبضے کی اجازت نہیں دے گا۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال گرین لینڈ کے مختلف پہلوؤں پر غور جاری ہے اور مالی معاملات پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکا گرین لینڈ پر کنٹرول نہ کرے تو اگلے پڑوسی روس یا چین ہوں گے، جو امریکا کے لیے قابل قبول نہیں۔
صدر ٹرمپ نے وینزویلا کے حوالے سے بھی اہم اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا اور امریکا کے پاس دنیا کا 55 فیصد تیل موجود ہے اور روس و چین وہ تمام تیل خرید سکتے ہیں جو وہ چاہیں۔
امریکی صدر نے بتایا کہ وینزویلا میں 100 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری پر غور کیا جا رہا ہے اور فوری طور پر وینزویلا کے 5 کروڑ بیرل تیل کی ریفائننگ اور فروخت کا کام شروع کیا جائے گا۔
وینزویلا میں سرمایہ کاری کرنے والی تیل کمپنیوں کو حفاظتی ضمانتیں دی جائیں گی اور ڈیلز امریکا کے ذریعے براہِ راست کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان خطے میں مرکز نگاہ اور عالمی سطح پر سراہا گیا، دی ڈپلومیٹ
ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت سمیت 8 جنگوں کو روکنے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاک بھارت جنگ کو روک کر لاکھوں جانیں بچائی گئیں۔
ایران سے متعلق انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وہاں عوام پر حملے یا قتل عام ہوا تو امریکا مداخلت کرے گا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس کا مطلب ایران میں فوج اتارنا نہیں۔
صدر نے گزشتہ روز بھی ایران میں مظاہرین پر تشدد کے حوالے سے سخت جواب دینے کی وارننگ دی تھی۔





