اسلام آباد: پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان آئندہ برس جون میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام سے نکل آئے گا۔
لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ 2018 میں ملک پر مسلط کیے گئے حالات کے باعث پاکستان کئی سال پیچھے چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور غربت مسلط کرنے والے وزیراعظم کو آئینی اور قانونی طریقے سے ہٹایا گیا۔
رانا مشہود نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے 250 سے زائد پیشیاں بھگتیں، تاہم ان کے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ’ایبسلوٹی ناٹ‘ کا نعرہ لگانے والے بعد میں انہی کے قدموں میں جا بیٹھے جن پر الزامات لگاتے رہے۔
چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے سوال اٹھایا کہ اگر مقدمات جھوٹے ہیں تو پی ٹی آئی کے چیئرمین عدالتوں کا سامنا کرنے سے کیوں گھبراتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گھڑی کیس ایک اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان کو عالمی سطح پر کوئی خاص اہمیت نہیں دی جا رہی تھی،
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طلبہ کے لیے سنہری موقع، چین کی مکمل فنڈڈ اسکالرشپ حاصل کریں
جبکہ موجودہ حالات میں مختلف عالمی تنازعات کے دوران متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ موجودہ قیادت ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کر رہی ہے اور پاکستان جلد آئی ایم ایف پروگرام سے نجات حاصل کر لے گا۔





