خیبرپختونخوا حکومت کا این ایف سی فنڈز نہ ملنے کا دعویٰ جھوٹ ہے، وزیر مملکت عقیل ملک

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی ترجیحات اور پالیسی سمت درست نہیں، جس کے باعث صوبہ درپیش سنگین مسائل سے مؤثر طور پر نہیں نمٹ پا رہا۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت عوام کو مسلسل گمراہ کر رہی ہے اور جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا جھوٹ یہ دعویٰ ہے کہ خیبرپختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز نہیں ملے حالانکہ وفاق اب تک صوبائی حکومت کو 5.86 ٹریلین روپے فراہم کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے لیے خیبرپختونخوا کو اضافی ایک فیصد فنڈز بھی مسلسل دیے جا رہے ہیں، اس کے باوجود صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں ناکام نظر آتی ہے۔

بیرسٹر عقیل نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری تھی کہ وہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارکردگی کو مؤثر بناتی، تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی نمایاں بہتری سامنے نہیں آئی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی اسٹریٹ موومنٹ کے لیے کبھی لاہور اور کبھی کراچی کے دوروں میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں مالی بحران ،وفاق کو خط لکھ دیا

بیرسٹر عقیل کا کہنا تھا کہ عوام نے صوبائی حکومت کو صرف بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگانے کے لیے مینڈیٹ نہیں دیا تھا بلکہ صوبے کی ترقی، امن اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے ووٹ دیا تھا۔

Scroll to Top