تیسرا ٹی20، پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

دمبولا: تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جس میں خواجہ نافع اور نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ فخر زمان اور سلمان مرزا کو آرام دیا گیا ہے۔

بارش کے باعث میچ کو 12 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا ہے جس سے میچ میں مزید سنسنی پیدا ہو گئی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ اہم ٹی20 سیریز کا فیصلہ کن میچ ہے اور دونوں ٹیمیں جیت کے لیے پرعزم ہیں۔

سیریز میں پاکستان کو اب تک ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

 واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا میچ مسلسل بارش کی وجہ سے ممکن نہ ہو سکا تھا, اس دوران نہ صرف ٹاس میں تاخیر ہوئی بلکہ گراؤنڈ کو مکمل کور کرنے کے باوجود میچ منسوخ کرنا پڑا۔

سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

 ڈمبولا میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے 129 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تیسرا ٹی20، بارش کے باعث پاکستان اور سری لنکا کا ٹاس تاخیر کا شکار

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ صائم ایوب نے 24، سلمان علی آغا نے 16 اور فخر زمان نے 5 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے جنیت لیانج 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ چارتھ اسالنکا اور ونندو ہسارنگا نے 18، 18 رنز بنائے۔

بولنگ میں پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا اور ابرار احمد نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد وسیم جونیئر اور شاداب خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Scroll to Top