ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، مشین گن اور کارتوس برآمد

خیبر: ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

ڈی ایس پی کے مطابق پہلی کارروائی شاکس بائی پاس روڈ پر اس وقت کی گئی جب خفیہ اطلاع ملی کہ دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں اور کسی بڑی واردات کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کے اہلکار فوری کارروائی کے لیے روانہ ہوئے اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، کارتوس اور دیگر ایمونیشن برآمد ہوئی۔

پولیس حکام کے مطابق اسی علاقے میں دو روز قبل دہشت گردوں نے اسپیشل برانچ کے ایک اہلکار کو فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔

دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے ملک دین خیل میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے اور جائے وقوعہ سے ایک مشین گن اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں سی ٹی ڈی کا کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن، فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک

محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا (سی ٹی ڈی) پشاور نے مصدقہ اطلاع پر پشاور کے نواحی علاقے ٹپوسانو باچا قبرستان، ظاہر گھڑی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس کے دوران انتہائی مطلوب تین دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے چند ساتھی آبادی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن جاری ہے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوفیں اور ایک پستول بمع کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر محکمہ انسداد دہشت گردی کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہادر اہلکار فتنہ الخوارج کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ایسے دلیر جوان دہشت گردی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔

Scroll to Top