سلمان علی خان
بنوں : بنوں میں سی ٹی ڈی بنوں ریجن اور مقامی پولیس نے تھانہ میراخیل کے علاقے جھنڈوخیل روڈ، نزد شگی مچن خیل میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کر کے 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت سہیل خان عرف سنگری اور اسماعیل عرف عثمان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں دہشت گرد گزشتہ دنوں پولیس چیک پوسٹس شیخ لنڈک اور فتح خیل پر حملوں میں ملوث تھے، جس کے نتیجے میں 8 پولیس کانسٹیبل زخمی ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں یہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے قافلے اور زیر تعمیر ریسکیو 1122 بلڈنگ پر آئی ای ڈی حملوں میں بھی ملوث تھے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 1 پستول، متعدد کارتوس، موٹرسائیکل، 2 موبائل فونز، 2 شناختی کارڈز اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا ایک کارڈ برآمد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، مشین گن اور کارتوس برآمد
ذرائع کے مطابق رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 2 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذولفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر مقامی پولیس اور سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز (S.W.A.T) کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملانے والے جوان ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔





