شدید دھند کے باعث موٹرویز بند، شہریوں کے لیے الرٹ جاری

اسلام آباد: پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹرویز پر حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے موٹرویز بند کر دی گئی ہیں اور شہریوں کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

موٹرویز سینٹرل ریجن کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم-3 (فیض پور سے جڑانوالہ)، ایم-4 (پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم)، اور ایم-5 (ملتان سے ظاہر پیر، اور ملتان سے سکھر) دھند کے باعث بند کر دی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ، ایم-5 (ملتان سے ڈیرہ اسماعیل خان اور رحیم یار خان سے روہڑی) بھی دھند کے سبب بند رہی۔

ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث بن سکتی ہے، لہذا ڈرائیور حضرات کو لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ محفوظ سفر کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان سفر کو ترجیح دی جائے۔

ڈرائیورز کے لیے ہدایات:

فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں

غیر ضروری سفر سے گریز کریں

رفتار محدود رکھیں

آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں

رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں

موٹرویز کی موجودہ صورتحال:

ایم-1: پشاور سے رشکئی تک بند

ایم-2: ٹھوکر نیاز بیگ سے للہ تک بند

ایم-3: فیض پور سے درخانہ تک بند

ایم-4: شیر شاہ سے فیصل آباد تک بند

ایم-5: روہڑی سے شیر شاہ تک بند

ایم-11: لاہور سے سمبڑیال تک بند

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران سفر سے گریز کریں اور صرف ضرورت پڑنے پر ہی سفر کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top