نیند کی کمی کا ایک اور چھپا ہوا نقصان سامنے آیا

امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نیند صرف جسمانی اور ذہنی سکون کے لیے نہیں بلکہ زندگی کی مدت کے تعین میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اوریگن ہیلتھ اینڈ سائنس یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ رات کی اچھی نیند لمبی عمر کے حوالے سے توقعات سے زیادہ اثر رکھتی ہے، اور اگر کوئی فرد ہر رات مختصر نیند کو عادت بنالے تو اس کے جلد موت کے خطرے میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے امریکا کے ایک بڑے ڈیٹا بیس کا تجزیہ کیا گیا اور اوسط عمر سے متعلق مختلف عوامل کی جانچ کی گئی۔

اس کے بعد ڈیٹا کا موازنہ سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (CDC) کے 2019 سے 2025 کے درمیان جمع کیے گئے سروے سے کیا گیا۔

تحقیق میں یہ واضح ہوا کہ طرز زندگی کے دیگر عناصر کے مقابلے میں نیند کا اوسط عمر پر اثر زیادہ نمایاں ہے۔ اگرچہ تمباکو نوشی صحت کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ہے، مگر نیند کی کمی بھی زندگی کی مدت کو متاثر کرتی ہے۔

محققین نے کہا کہ ہم نے کبھی تصور نہیں کیا تھا کہ نیند زندگی کی مدت کے لیے اتنی اہمیت رکھتی ہے۔ اس تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ لوگوں کو ہر رات کم از کم 7 سے 9 گھنٹے کی نیند کی عادت ڈالنی چاہیے۔

سابقہ مطالعات میں نیند کی کمی اور موت کے خطرے کے درمیان تعلق سامنے آیا تھا، لیکن یہ تحقیق پہلی بار نیند اور اوسط عمر کے درمیان براہِ راست تعلق کی وضاحت کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایپل شائقین کے لیے فولڈ ایبل آئی فون سے متعلق بڑی خوشخبری

اگرچہ تحقیق میں نیند اور لمبی زندگی کے تعلق کی حیاتیاتی وجوہات کا جائزہ نہیں لیا گیا، محققین نے بتایا کہ نیند دل کی صحت، مدافعتی نظام اور دماغی کارکردگی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ نیند کو غذا اور ورزش کے برابر ترجیح دی جائے، کیونکہ ہر رات اچھی نیند صحت کے ساتھ ساتھ زندگی کی مدت میں بھی اضافہ کرتی ہے۔

یہ تحقیق جرنل Sleep Advances میں شائع ہوئی ہے۔

Scroll to Top