9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے، ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے، فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اور اس میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے تاکہ آئندہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں اگر وزیراعلیٰ ملوث ہو یا وہ خود، سب کو بلا تفریق سزا ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر 9 مئی کے مجرمان اور سہولت کاروں کو بروقت سزائیں ملتیں تو آج ملک کو ان مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے آئی ڈی پیز کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت تعاون کر رہی ہے اور صوبائی حکومت بھی اس میں شامل ہے۔

آئی ڈی پیز کو فنڈز بھی دیے جا رہے ہیں، لیکن دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آپریشن نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی آپریشن کے بارے میں پوچھ ہی نہیں رہا تو پھر یہ دعویٰ کیسے کیا جا رہا ہے کہ آپریشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئین میں گورنر راج کی گنجائش موجود ہے، تاہم فی الحال اس پر غور نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور تمام ادارے مل کر صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کام کریں، تاکہ ایسے حالات پیدا نہ ہوں جن میں وفاقی حکومت کو گورنر راج جیسے اقدامات پر مجبور ہونا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں : خاران میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا،12دہشت گرد ہلاک،انتہائی مطلوب دہشت گردسمیت 3گرفتار

انہوں نے صوبے میں بڑھتی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر کوئی تسلیم کر رہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے حالات خراب ہیں۔

ان کے مطابق صوبے میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں ٹی ٹی پی ملوث ہے جس کے ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملے نہ اسرائیل نے کیے ہیں اور نہ ہی بھارت نے، بلکہ یہ انہی عناصر کی کارروائیاں ہیں جن کے بارے میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ثبوت مانگ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے بڑا ثبوت کیا ہو سکتا ہے کہ افغانستان صوبے میں مداخلت کر رہا ہے۔

Scroll to Top