بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا تے ہوئے 12دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت 3دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے آغاز میں ہی فورسز نے چار دہشت گردوں کو موقع پر ہلاک کر دیا۔ ابتدائی جھڑپ کے بعد چند دہشت گرد عارضی طور پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کا تعاقب جاری رکھا اور بعد ازاں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران انہیں بھی ہلاک کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر ہونے والی جھڑپوں اور انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر تقریباً 12 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ کارروائی کے دوران تین اہم دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، جن میں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد بھی شامل ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں مجموعی طور پر 38 سے 40 دہشت گرد شامل تھےجن میں بڑی تعداد غیر ملکی خصوصاً افغان دہشت گردوں کی بتائی جا رہی ہے۔
کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکار زخمی ہوئے ہیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے اور یہ کارروائی اس وقت تک جاری رکھی جائے گی جب تک تمام دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔





