بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے ناکام بناتے ہوئےتین مختلف کاروائیوں کے دوران 12دہشت گردہلاک کردیئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق15 جنوری کو خاران شہر، ضلع خاران میں تقریباً پندرہ سے بیس بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں کیں۔
دہشت گردوں نے شہر کے پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ پر حملے کیےجس کے دوران بینکوں سے تقریباً 3.4 ملین روپے لوٹے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دیا جس کے نتیجے میں دہشت گرد پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے۔
آپریشن کے دوران تین مختلف کارروائیوں میں بارہ دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ پولیس اسٹیشن کو یرغمال بنانے کے ان کا منصوبہ بھی ناکام بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے صفائی کا آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی اپیکس کمیٹی کے منظور شدہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن “عزم استحکام” کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائی جاری رکھیں گے۔





