نوشہرہ، معمولی تلخ کلامی نے تین افراد کی جان لے لی

فضل نبی
نوشہرہ کے علاقے نظامپور کے گاؤں جبی میں راستے میں گاڑی کھڑی کرنے کے تنازعہ پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق زعفران اور فہد کمال کے درمیان راستے میں گاڑی کھڑی کرنے پر دونوں کے درمیان تکرار ہوئی۔

اس دوران زعفران نے فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں فہد کمال اور ان کے والد ظفیل موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے بھائی زاہد شدید زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : ورک ویزا پر سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

بعد ازاں فہد کمال کے گروپ کی جانب سے کی گئی جوابی فائرنگ میں زعفران بھی موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔ زخمی شخص کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top