لاہور : مشیر برائے اطلاعات و نشریات خیبرپختونخواہ بیرسٹر محمد علی سیف کے لاہور پہنچنے پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وزیر تعلیم رانا سکندر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبال کا یہ عمل سیاسی رواداری اور باہمی احترام کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر محمد علی سیف لاہور ایک اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے تھے، جہاں بین الصوبائی تعاون، عوامی فلاح کے منصوبوں اور تعلیمی و صحت کے شعبوں میں مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لاہور آمد پر صوبائی وزراء کی جانب سے ان کا خیر مقدم کیا جانا سیاسی حلقوں میں خوشگوار حیرت کا باعث بنا۔
اس موقع پر غیر رسمی گفتگو میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ جب آپ کسی کے گھر تمیز اور احترام کے ساتھ آئیں گے تو ایسا ہی استقبال ہوتا ہے۔
ان کے اس بیان کو سیاسی اخلاقیات اور شائستگی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کا اس طرح باہمی احترام اور مثبت رویہ اختیار کرنا ملکی سیاست کے لیے خوش آئند ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سینئرتجزیہ کارحماد حسن نے تیراہ آپریشن کے حوالے سےخیبرپختونخواحکومت کا بیانیہ بے نقاب کردیا
اس سے نہ صرف سیاسی درجہ حرارت میں کمی آتی ہے بلکہ عوام کو بھی مثبت پیغام ملتا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں صوبوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے، عوامی مسائل کے حل اور مستقبل میں مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ذاتی اور جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد کو ترجیح دی جائے گی۔





