شہزاد نوید
اپر سوات کے سیاحتی مقام کالام کے علاقے بلوگاہ میں سیاحوں کی گاڑی کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں وارث خان نامی نوجوان جان بحق جبکہ چھ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام سیاح مینگورہ اور ملوک آباد کے رہائشی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کنٹرول روم سوات نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللّٰہ مروت کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسز کے ہمراہ میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کیں۔
ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں کالام ہسپتال منتقل کیا۔ شدید زخمی دو افراد کو مزید علاج کے لیے سنٹرل ہسپتال سیدو بھیج دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ، معمولی تلخ کلامی نے تین افراد کی جان لے لی
زخمیوں کی شناخت ریاض (38)، حماد (20)، ایاز (25)، ہارون (18)، واجد (25) اور یاسر (30) کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 سوات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیاحتی علاقوں میں گاڑیوں کی رفتار اور حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔





