سولرپینلز کی قیمتوں سے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی

سولر پینلز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

ملک میں 2026 کے آغاز سے سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

مقامی مارکیٹوں میں 585، 645 اور 720 واٹ کی چینی سولر پینلز کی قیمتوں میں اوسطاً پانچ ہزار روپے تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔

جسکے نتیجے میں 585واٹ کے سولر پینل کی قیمت 16ہزار تا 17ہزار روپے سے بڑھکر 20ہزار سے 21ہزار روپے ہوگئی۔

اسی طرح 645 واٹ سولر پینل کی قیمت 20,000 روپے سے بڑھ کر 24,000 سے 25,000 روپے کے درمیان ہوگئی جبکہ 720 واٹ سولر پینل کی قیمت 22,000 سے 25,000 روپے سے بڑھ کر 30,000 سے 35,000 روپے تک پہنچ گئی۔

سولر پینلز کے درآمدکنندہ اور کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر سلیم میمن کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر چاندی اور تانبے کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے چینی سولر کمپنیوں کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے نتیجے میں گزشتہ پانچ ماہ میں سولر پینل کی فی واٹ قیمت 22 روپے سے بڑھ کر 33 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بڑھتی ہوئی عوامی خریداری کی سرگرمیاں اور چین میں قیمتوں میں اضافے کے باعث آئندہ چند ماہ میں سولر پینل کی فی واٹ قیمت 40 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔

سلیم میمن کے مطابق، چینی سولر پینلز پر عائد ٹیکسز بھی ان کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنے ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی سطح پر سولر پینلز کی ٹیکنالوجی کی مسابقت بھی قیمتوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ دو سالوں میں سولر پینلز کی وسیع درآمدات کی وجہ سے ملک میں ان کے ذخائر موجود ہیں، تاہم اس کے ساتھ ہی سولر بیٹریوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے، اور گزشتہ ایک ماہ میں سولر بیٹریوں کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Scroll to Top