سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے برفباری کے دوران سوات جانے والے سیاحوں کے لیے حفاظتی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
سوات کے سیاحتی علاقوں میں حالیہ برفباری کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں سیاح سنو فال دیکھنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
برفباری کے دوران سنو چین کے بغیر چھوٹی گاڑیوں کے استعمال کے باعث متعدد ٹریفک حادثات پیش آئے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
ان حالات کے پیش نظر سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان کے مطابق مہوڈنڈ جھیل اور پلوگاہ جھیل کی جانب جانے والی سنو چین کے بغیر دو سو سے زائد چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کو آگے سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حفاظتی کارروائی سیکرٹری ٹورازم خیبر پختونخوا سعادت حسن کے احکامات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوزب عباس کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔
اس مشترکہ آپریشن میں اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ سوات، سوات پولیس، ٹورازم پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے باہمی تعاون سے حصہ لیا۔
سعید الرحمان کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد سیاحوں کو ممکنہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رکھنا، برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن، ٹریفک جام اور حادثات سے بچاؤ اور سیاحوں کی محفوظ و منظم آمد و رفت کو یقینی بنانا ہے، اس دوران سیاحوں کو حفاظتی ہدایات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ متبادل محفوظ مقامات کی رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ برفانی علاقوں میں سنو چین کے بغیر سفر نہایت خطرناک اور بعض اوقات جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، اسی لیے بغیر سنو چین گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ برفباری کے دوران سفر سے قبل گاڑی میں سنو چین کی دستیابی یقینی بنائیں، رفتار کم رکھیں، اوورٹیکنگ سے گریز کریں۔





