جرمنی میں تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے خوشخبری

اسلام آباد: وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم آفس میں پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینکا لیپل سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کی تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران جرمن سفیر اینکا لیپل نے کہا کہ جرمن حکومت پاکستان سے جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں نمایاں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت جرمنی میں تقریباً 6 ہزار پاکستانی طلبہ زیرِ تعلیم ہیں اور آئندہ برسوں میں اس تعداد کو بڑھا کر 10 ہزار تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔

اینکا لیپل نے یہ بھی واضح کیا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور اکیڈمک تبادلوں کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، خصوصاً ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) کے شعبے میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔

رانا مشہود احمد خان نے جرمن سفیر کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اغراض و مقاصد، ماضی کی کامیابیوں، جاری منصوبوں اور آئندہ کے پروگراموں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور قائدانہ صلاحیتوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے نیشنل یوتھ کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ کونسل نوجوانوں سے متعلق پالیسی سازی میں مشاورتی کردار ادا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : جمعیت علمائے اسلام کے لیے ایک اور بری خبر

ملاقات میں گرین یوتھ موومنٹ پر بھی بات چیت ہوئی، جو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ایک اہم اقدام ہے۔

اس تحریک کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحول دوست سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے متحرک کرنا ہے۔

جرمن سفیر نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کی شمولیت، مہارتوں کی ترقی اور روزگار سے متعلق اقدامات کی تعریف کی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے تعلیم، فنی تربیت، مہارتوں کی ترقی اور یوتھ ایکسچینج پروگرامز میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top