اسلام آباد: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے لیے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق پاکستان میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 81 لاکھ 98 ہزار 284 ویڈیوز کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کے باعث حذف کی گئی ہیں۔
ٹک ٹاک کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں پیشگی اقدامات کے تحت خلاف ورزی کرنے والے کانٹنٹ کی شناخت اور اسے فوری طور پر حذف کرنے کے لیے موثر نظام بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کانٹنٹ حذف کرنے کی شرح 99.8 فیصد رہی، جس میں سے 95.9 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ ہونے کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر ہی ہٹا دی گئی تھیں۔
ٹک ٹاک نے واضح کیا کہ یہ اقدامات پلیٹ فارم پر صارفین کو ایک محفوظ اور مثبت ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ کارروائیاں نہ صرف کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کو روکنے بلکہ صارفین کے لیے ایک محفوظ اور ذمہ دارانہ تجربہ یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
ٹک ٹاک کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر عمل درآمد کی یہ شرح عالمی سطح پر ایک بہترین سطح پر ہے۔
جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں بھی صارفین کے لیے محفوظ ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوششیں کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں ٹک ٹاک کے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی
جبکہ دوسری جانب پاکستان میں ٹک ٹاک کا سرچ فیچر اب محض تفریح کے لیے استعمال ہونے والا پلیٹ فارم نہیں رہا بلکہ لاکھوں صارفین کے لیے نئی سوچ دریافت کرنے، عملی مہارتیں سیکھنے اور تحریک حاصل کرنے کا ایک طاقتور ذریعہ بن چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق صارفین اب ٹک ٹاک کو ایک ویڈیو فرسٹ سرچ انجن کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، خاص طور پر اس وقت جب وہ معلومات کو تیزی سے اور بصری انداز میں سمجھنا چاہتے ہیں۔
لوگ مختصر ویڈیوز تلاش کرتے ہیں جو معلومات کو فوری، واضح اور عملی انداز میں پیش کرتی ہیں۔
چاہے امتحان کی تیاری ہو، سفر کی منصوبہ بندی، تازہ خبروں تک رسائی یا نئی مہارت کا حصول، ٹک ٹاک کی کمیونٹی مستند کری ایٹرز کی جانب سے پیش کی گئی بصری وضاحتوں کو ترجیح دے رہی ہے، جو قابلِ تعلق، عملی اور سمجھنے میں آسان ہوتی ہیں۔
گزشتہ ایک برس میں پاکستان میں تعلیم، ثقافت، کھانے، سفر، حُسن، طرزِ زندگی، خبریں اور روزمرہ کے ہاؤ ٹو (How-To)’ کانٹینٹ کی تلاش میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
تجزیات کے مطابق TravelTok# کی تلاش میں 53٪، #FoodTok میں 52٪، #StudyTok میں 60٪، اور #FitnessTok میں 66٪ اضافہ ہوا، جو صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور تجسس کی عکاسی کرتا ہے۔





