ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ اور گرائے گئے 8 طیاروں کی یاد دہانی کر دی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاک بھارت جنگ نہ رکتی تو لاکھوں سے لے کر 10 سے 20 ملین لوگ ہلاک ہو سکتے تھے۔

صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ جنگ میں 8 طیارے گرائے گئے، لیکن وزیراعظم شہباز شریف کی بروقت اقدامات کی بدولت کروڑوں جانیں بچائی گئیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کی کوششیں بھی کر رہا ہوں، اور اقوام متحدہ کسی بھی جنگ کو رکوانے میں مؤثر کردار ادا نہیں کر سکی۔

انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کا متبادل بنانے کا ارادہ نہیں اور اقوام متحدہ کو اپنا کام جاری رکھنے دینا چاہیے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کی موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور گرین لینڈ کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے جو نیٹو اور امریکہ دونوں کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔

انہوں نے جی سیون اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ٹرمپ کے بیان سے عالمی سطح پر پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی اور اقوام متحدہ کے کردار پر بحث دوبارہ شدت اختیار کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کروڑوں جانیں بچائیں، صدر ٹرمپ نے پاکستانی وزیراعظم کے بیان کا حوالہ دے دیا

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران امریکا میں کوئی بھی غیر قانونی طور پر داخل نہیں ہوا۔

پام بیچ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے غیر قانونی تارکینِ وطن کو امریکا میں داخل ہونے سے مکمل طور پر روک دیا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے سرحدی سکیورٹی کو مؤثر بنایا جس کے نتیجے میں غیر قانونی امیگریشن کا مکمل خاتمہ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی انتظامیہ کی بڑی کامیابیوں میں شامل ہے۔

ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے۔

خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر عالمی تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک بھارت سمیت مجموعی طور پر آٹھ جنگیں رکوائیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی کوششوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

انہوں نے پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ ان کی مداخلت سے کروڑوں جانیں بچیں۔

صدر ٹرمپ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ان کے بارے میں کہے گئے الفاظ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہیں۔

Scroll to Top