ٹرمپ نے گرین لینڈ معاملے پر یورپ پر ٹیرف کی دھمکی واپس لے لی

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کے حوالے سے یورپی ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کی اپنی دھمکی سے پیچھے ہٹنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ ایک انتہائی مثبت ملاقات ہوئی ہے، جس کے بعد گرین لینڈ کے حوالے سے مستقبل کے ممکنہ معاہدے کا فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ امریکا اور تمام نیٹو ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اس پیش رفت کے بعد یکم فروری سے یورپ پر نافذ کیے جانے والے ٹیرف عائد نہیں کیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف اور دیگر حکام مذاکرات کی ذمہ داری سنبھالیں گے تاکہ گرین لینڈ کے معاملے پر ایک جامع اور مؤثر معاہدہ ممکن بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نےغزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی ٹرمپ دعوت قبول کرلی،دفتر خارجہ

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل امریکی صدر نے دھمکی دی تھی کہ جو یورپی ممالک گرین لینڈ پر امریکا کی پالیسی کی مخالفت کریں گے، ان پر یکم فروری سے ٹیرف عائد کیا جائے گا۔

اس دھمکی کے بعد یورپی ممالک نے ٹرمپ کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے مذاکرات کی ضرورت پیدا ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے امریکا اور نیٹو کے درمیان تعلقات میں اعتماد بحال ہو سکتا ہے اور مستقبل میں گرین لینڈ کے حوالے سے ممکنہ اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کے لیے راہیں ہموار ہوں گی۔

Scroll to Top