اسلام آباد: وفاقی بورڈ آف ریونیو (FBR) کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن نے 62 مختلف ماڈلز کے پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی کسٹمز ویلیوز میں نئی ترامیم کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ 16 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہے اور اس کا مقصد عالمی مارکیٹ میں رائج اصل قیمتوں کے مطابق ڈیوٹی اور ٹیکس کے نظام کو ہم آہنگ کرنا ہے۔
اس اقدام کے نتیجے میں موبائل فونز کی قیمتوں میں واضح کمی متوقع ہے، اور قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ موبائل فونز پر عائد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ٹیکس میں بھی ریلیف ملے گا۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ خاص طور پر ایپل، سام سنگ، گوگل پکسل اور ون پلس کے پرانے ماڈلز پر لاگو ہوگا۔
مثال کے طور پر، استعمال شدہ آئی فون 15 پرو میکس کی نئی کسٹمز ویلیو تقریباً 460 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل 256 جی بی آئی فون 15 کی کسٹمز ویلیو 1300 ڈالر تھی۔
اسی طرح آئی فون 15 پرو کی ویلیو اب 390 امریکی ڈالر (تقریباً ایک لاکھ نو ہزار روپے) جبکہ آئی فون 15 پلس اور سادہ 15 کی ویلیو تقریباً 89 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وادی تیراہ: وفاقی حکومت کے بیان پر شفیع جان کا ردعمل سامنے آ گیا
اس تبدیلی سے نہ صرف صارفین کو موبائل فونز خریدنے میں آسانی ہوگی بلکہ مارکیٹ میں پرانے ماڈلز کی خرید و فروخت بھی مستحکم ہو گی۔
علاوہ ازیں یہ اقدام درآمدی مصنوعات پر عائد اضافی بوجھ کو کم کرنے اور صارفین کے لیے ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔
وفاقی بورڈ آف ریونیو نے کہا ہے کہ کسٹمز ویلیو کی اس نئی فہرست کے مطابق تمام درآمد کنندگان اور موبائل فون کے ریٹیلرز کو عمل کرنا ہوگا تاکہ ٹیکس اور ڈیوٹی کی درست ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔





