پشاور: ڈی آئی خان کے علاقے قریشی موڑ میں شادی کی تقریب کے دوران خودکش حملہ ہوا جس میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت 21 سالہ عبدالرحمٰن کے نام سے ہوئی ہے، جو افغان نژاد دہشت گرد نکلا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خودکش بمبار سفید چادر اوڑھے پنڈال میں داخل ہوا اور قبائلی رقص کے دوران اچانک پنڈال چھوڑ کر عقب میں واقع ایک کمرے کی طرف بڑھا، جہاں علاقہ کے اہم افراد موجود تھے۔
خودکش بمبار نے کمرے میں داخل ہوتے ہی دھماکہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کمرے کی چھت منہدم ہو گئی۔
دھماکے میں خودکش بمبار کے علاوہ پانچ افراد جاں بحق ہوئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شادی کی تقریب میں امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے بھتیجے کی شادی ہو رہی تھی۔
پولیس نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد جمع کر لیے گئے ہیں۔
تھانہ سی ٹی ڈی ڈیرہ میں دہشت گردی اور دیگر تعزیراتی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان،شادی کی تقریب میں افسوسناک واقعہ
موقع سے پولیس نے لاشوں کو ملبے سے نکالا اور ڈی این اے سیمپلز و فرانزک شواہد بھی حاصل کر لیے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں مکمل سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ حملے کے محرکات اور ممکنہ دیگر دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔





