ضلع اورکزئی: شدید برفباری میں سیکیورٹی فورسز کی امدادی و ریسکیو کارروائیاں جاری

اورکزئی : ضلع اورکزئی میں حالیہ شدید بارشوں اور برف باری کے دوران سیکیورٹی فورسز کی امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے ہنگامی بنیادوں پر راستے کھول کر مقامی عوام کی مدد کی اور ایک سوگوار خاندان کے لیے بروقت تدفین کو ممکن بنایا۔

ذرائع کے مطابق شدید برف باری کے باعث گاؤں کالایہ دربار کے تمام راستے مکمل طور پر بند ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے نہ صرف نقل و حمل معطل ہوئی بلکہ ایک خاندان کے لیے اپنے پیارے کی تدفین کے عمل کو بھی انجام دینا ناممکن ہو گیا تھا۔

اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے بھاری مشینری اور افرادی قوت کو متحرک کیا۔

سخت ترین موسمی حالات اور بند راستوں کے باوجود اہلکاروں نے دن رات محنت کر کے برف ہٹائی اور راستے کو بحال کیا۔

اس ہنگامی کارروائی کے بعد مقامی شہری کی نماز جنازہ اور تدفین باوقار اور بروقت انجام دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : شانگلہ: برفباری کے بعد مسلسل سڑکوں کی بندش، 16 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا

مقامی عمائدین اور شہریوں نے پاک فوج کے اس ہمدردانہ اور بروقت اقدام کو سراہا اور سیکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا۔

پاک فوج نے کہا ہے کہ وہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور علاقائی امن کے ساتھ شہریوں کی سماجی و فلاحی بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

Scroll to Top