سپر سکس: آسٹریلیا کی شاندار جیت، جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے ہرایا

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے اہم میچ میں آسٹریلین ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 33 ویں اوور میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا نے 119 رنز کا ہدف صرف 33 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ٹیم کے کھلاڑی سٹیون ہوگن نے 73 گیندوں پر 43 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جس نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا سپر سکس مرحلے میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے میں کامیاب رہا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: قومی ٹیم جائے گی یا نہیں؟ فیصلہ آگیا

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے دوہرے معیار کو مسترد کرتا ہے اور اس معاملے پر اصولی مؤقف اپنایا گیا ہے۔

کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستانی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی، پی سی بی اس پر من و عن عمل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا سب کے مفاد میں ہے اور تمام فریقین کو کھیل کے بنیادی اصولوں کے مطابق چلنا چاہیے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر میدان میں مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی مقابلے میں کامیابی کا دارومدار ٹیم ورک پر ہوتا ہے۔

محسن نقوی نے مزید بتایا کہ ان کی جلد وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ ٹیم بھیجنے کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت کے بغیر نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top