جنوبی افریقہ میں بجلی کا شدید بحران شدت اختیار کرگیا ہے، جس کے باعث ملک بھر میں طویل لوڈشیڈنگ کا آغاز کردیا گیا ہے اور بلیک آؤٹ کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق بجلی کی فراہمی میں شدید کمی واقع ہو گئی ہے جس کی وجہ تین بڑے کول پاور پلانٹس میں تکنیکی خرابیوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔
قومی توانائی کمپنی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسٹیج 6 لوڈشیڈنگ نافذ کردی گئی ہے، جس کا مطلب ہے کہ ہر دن بجلی کی فراہمی میں 4 گھنٹوں کے وقفے ہوں گے، اور اسٹیج 6 کے تحت 4 دنوں میں 12 بار بجلی بند کی جائے گی۔ اس کے علاوہ لوڈشیڈنگ غیر معینہ مدت تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بحران ملک کی معیشت اور عوامی زندگی کو شدید متاثر کر رہا ہے، جس سے کاروبار، اسکولز اور روزمرہ کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں چیمپئینز ٹرافی،بارش کے باعث آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا میچ تاخیر کا شکار
حکام نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ توانائی کی صورتحال میں فوری بہتری کا امکان نہیں، اور عوام کو بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
عوامی سطح پر اس بحران کے سبب غم و غصہ پایا جا رہا ہے، اور حکومت پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر اس بحران کے حل کے لیے اقدامات کرے۔