مردان: خدائی خدمت گار تحریک سے وابستہ معروف خاندان کے چشم و چراغ اور سابق صوبائی اسمبلی امیدوار جمال ناصر نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) چھوڑتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جس سے اے این پی کو ضلع مردان میں بڑا سیاسی دھچکا پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق جمال ناصر نے اپنا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجنیئر امیر مقام خان کی قیادت میں پارٹی میں شمولیت قبول کر لی ہے۔
جمال ناصر کی شمولیت کے لیے مسلم لیگ ن کی قیادت نے گزشتہ چار ماہ سے مسلسل رابطے جاری رکھے اور ان کے اعتماد کو مضبوط کرنے کے بعد انہیں باضابطہ دعوت دی گئی۔
مسلم لیگ ن ضلع مردان کے جنرل سیکرٹری سابق ایم پی اے جمشید خان مہمند کے مطابق جمال ناصر نے پارٹی مشران، ایم این اے ثمر ہارون بلور، شعبہ خواتین کی صوبائی نائب صدر نادیہ شاہ، ضلع مردان کے صدر عنایت باچہ ایڈوکیٹ اور حاجی خان اکبر آفریدی کے جرگے کو قبول کرتے ہوئے شمولیت کی حامی بھر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کو پی ٹی آئی اور ٹی ٹی پی سے پاک کرنا ہوگا، ایمل ولی خان
جمشید خان مہمند نے مزید کہا کہ صوبائی صدر انجنیئر امیر مقام خان جلد جمال ناصر کے باغ کا دورہ کریں گے، جہاں جمال ناصر باضابطہ طور پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
جمال ناصر نے بھی تصدیق کی کہ وہ مسلم لیگ ن کے جرگے کو قبول کر چکے ہیں اور جلد اپنی سیاسی سمت کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔





