اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف پراپیگنڈا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملوث ہے، اور سیاسی جماعتیں عوامی جذبات کو اپنی مہمات کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے وادی تیراہ میں جاری صورتحال پر بات کی اور کہا کہ وہاں صرف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہو رہے ہیں اور کوئی بڑا فوجی آپریشن نہیں ہوا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی فوجی کارروائی ہوتی ہے تو اس میں وفاقی حکومت کی مداخلت لازمی ہوگی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وادی تیراہ سے متعلق نوٹیفکیشن صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کیا گیا ہے، اور دہشتگردی کے خلاف کارروائی کے معاملے پر پی ٹی آئی کے بیانات تضاد اور مبالغے پر مبنی ہیں۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ اگر کسی کو جیل میں ملاقات کرنی ہو، جیسے سہیل آفریدی، تو اس کا فیصلہ جیل حکام کریں گے۔ یہ لوگ ملاقات کرنے نہیں بلکہ سوشل میڈیا کے لیے ٹک ٹاک بنانے جاتے ہیں انہوں نے کہا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے دعوے بے بنیاد، ان کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا اور ذاتی و سیاسی مفادات حاصل کرنا ہے، عطا تارڑ
طلال چودھری نے مذاکرات کے معاملے پر کہا کہ مذاکرات کے لیے متعلقہ فریقین کو سپیکر آفس جانا چاہیے، اور جو جماعت مذاکرات سے باہر گئی وہی واپس آ کر عمل میں حصہ لے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے سوال پر وزیر مملکت نے کہا کہ اس کا فیصلہ ملک اور کرکٹ کے مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔





