عالمی مارکیٹ میں سونے نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جہاں سونے کی فی اونس قیمت پہلی بار 5 ہزار ڈالر کی حد عبور کر گئی۔ خبر ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان آج بھی بدستور برقرار ہے، جس نے سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا ہے
رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر غیر یقینی معاشی صورتحال، مہنگائی کے خدشات اور محفوظ سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث سونے کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں سونے کی فی اونس قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔
اسی دوران چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق چاندی کی قیمت میں 4 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 108 ڈالر میں فروخت ہونے لگی۔
گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز پاکستان میں بھی عالمی مارکیٹ کے اثرات واضح طور پر دیکھنے میں آئے۔ مقامی صرافہ بازاروں میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت 6 ہزار 500 روپے اضافے کے بعد 5 لاکھ 21 ہزار 162 روپے کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچی، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 583 روپے اضافے سے 4 لاکھ 46 ہزار 812 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اسی طرح پاکستان میں چاندی کی فی تولہ قیمت 526 روپے اضافے کے بعد 10 ہزار 801 روپے کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچی۔ عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 65 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 988 ڈالر کی سطح تک پہنچا، جو اس وقت کی بلند ترین قیمت شمار کی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی معاشی حالات میں بہتری نہ آئی تو سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے، جس سے سرمایہ کاری کی مارکیٹ میں مزید ہلچل پیدا ہو سکتی ہے۔





