آئندہ 24 گھنٹے کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی سامنے آگئی

موسمی صورتحال کے پیش نظر معروف تفریحی مقام سیاحوں کیلئے4 روز کیلئے بند کر دیا گیا

متوقع بارش اور برفباری کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے معروف تفریحی مقام گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر چار روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ علاقے میں خراب ہوتی ہوئی موسمی صورتحال کے باعث کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کے مطابق موجودہ موسمی حالات سیاحوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، اسی لیے عوام اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بدھ تک گلیات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہونے کے بعد سیاحوں کو دوبارہ علاقے میں داخلے کی اجازت دے دی جائے گی۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ مختلف چیک پوسٹس پر سیاحوں کو روکیں اور انہیں واپس جانے کا کہا جائے۔ پولیس حکام کے مطابق پابندی کے دوران کسی بھی سیاح کو گلیات کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں موسم کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور بارش کے ساتھ برفباری کے امکانات بھی موجود ہیں، جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ایسے حالات میں سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

حکام نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، پابندی کے خاتمے سے متعلق عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

Scroll to Top