سہیل آفریدی کا تیراہ آپریشن سے متعلق بیان حقائق کےبرعکس عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہے،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا وادی تیراہ آپریشن سے متعلق بیان حقائق کے برعکس، سیاسی مفاد پر مبنی اور عوام کو گمراہ کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔دہشتگردی جیسے سنگین قومی مسئلے کو سیاسی رنگ دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور ریاستی مفادات کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہاکہ وادی تیراہ میں جاری اقدامات کسی فرد، جماعت یا حکومت کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے امن، عوام کے تحفظ اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ناگزیر ہیں۔ یہ کہنا کہ انٹیلجنس بیسڈ آپریشن کسی حکومت کو بدنام کرنے یا ختم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے ایک خطرناک سیاسی بیانیہ ہے جو دہشتگرد عناصر کو تقویت دے سکتا ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے امن و امان کے قیام میں ناکامی دکھائی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں غیر سنجیدہ رویہ اپنایا۔ اگر صوبائی حکومت نے بروقت مؤثر اقدامات کیے ہوتے تو آج وفاق کو سخت فیصلے نہ کرنے پڑتے۔

انہوں نے کہاکہ فیصلے “بند کمروں” میں کیے گئے یہ جھوٹ اور پراپیگنڈا ہے۔ سیکیورٹی سے متعلق فیصلے ریاستی ادارے زمینی حقائق، انٹیلیجنس رپورٹس اور عوام کے تحفظ کو مدنظر رکھ کر کرتے ہیں، نہ کہ سیاسی بیانات کی بنیاد پر۔

انہوں نے مذید کہاکہ نقل مکانی کے معاملے پر وزیراعلیٰ کا بیانیہ بھی گمراہ کن ہے۔ ریاست نے متاثرین کے لیے بحالی، امداد اور سہولتوں کا جامع منصوبہ تیار کیا ہے، جبکہ صوبائی حکومت محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف ہے۔ عوام کی مشکلات کو سیاست کا ایندھن بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہاکہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کوئی انتخابی مہم نہیں بلکہ قومی سلامتی کا تقاضا ہے۔ وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ وہ ریاستی اداروں پر الزام تراشی کے بجائے عوام کے تحفظ کے لیے سنجیدہ کردار ادا کریں۔

انہو ں نے کہاکہ پاکستان کے عوام کو تقسیم کرنے، اداروں کو بدنام کرنے اور ریاستی فیصلوں کو متنازع بنانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔امن، سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top