سہیل آفریدی اپنے اسٹریٹ موومنٹ کو متحرک کرنے کے لیے منفی پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں، رحمت سلام خٹک

پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر رحمت سلام خٹک نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی اپنے اسٹریٹ موومنٹ کو متحرک کرنے کے لیے منفی پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں۔

پختون ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے رحمت سلام خٹک کا کہنا تھا کہ تیراہ سے نقل مکانی کا الزام صوبائی حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت پر عائد کیا جا رہا ہے حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی اس معاملے کو اپنے سیاسی مقاصد اور اسٹریٹ موومنٹ کو فعال کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

رحمت سلام خٹک نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ہر وقت صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم صوبائی حکومت کی ترجیح عوامی فلاح و بہبود کے بجائے سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خود اس بات کا اعتراف کر چکی ہے کہ عوام نے انہیں صوبے کی بہتری کے لیے نہیں بلکہ عمران خان کی رہائی کے لیے ووٹ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو سیاست کی نذر کرنا صوبے اور عوام کے مفاد میں نہیں اور اس طرح کے بیانات سے صرف انتشار کو ہوا دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مجھ پر ہٹ کریں گے تو میں بولوں گا، شفیع جان اور مصدق ملک پروگرام میں لڑ پڑے

رحمت سلام خٹک کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے صوبائی حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے وفاق کے ساتھ بیٹھنا چاہیے۔

Scroll to Top