پاکستان نے اقتصادی تعاون تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھال لی

پاکستان نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی دو سالہ چیئرمین شپ باضابطہ طور پر سنبھال لی ہے جو 2026 اور 2027 کے عرصے پر محیط ہوگی۔

اس موقع پر پاکستان نے سال 2025 کے دوران ای سی او کی قیادت کرنے پر قازقستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم کے لیے اس کے فعال، مؤثر اور تعمیری کردار کو سراہا۔

ای سی او میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے کہا کہ پاکستان تنظیم کا بانی رکن ہے اور ای سی او کو اپنی شناخت اور روح کا حصہ سمجھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین شپ کے دوران پاکستان تنظیم کو مزید مضبوط، متحرک اور مؤثر ادارہ بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ ای سی او کے رکن ممالک نے پاکستان کی چیئرمین شپ کا خیرمقدم کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی قیادت میں تنظیم میں نئی سرگرمی، توانائی اور عملی تعاون کو فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: محمد آصف نے نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ میں شاندار فتح حاصل کر لی

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں اقتصادی تعاون، تجارت اور رابطوں کے فروغ کے لیے ای سی او کو ایک فعال اور مؤثر پلیٹ فارم بنانے کے عزم پر قائم ہے۔

Scroll to Top