معروف گلوکار اریجیت سنگھ کا گلوکاری سے کنارہ کشی کا اعلان

بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور پلے بیک سنگر اریجیت سنگھ نے گلوکاری سے کنارہ کشی کا اعلان کر کے اپنے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔

گزشتہ پندرہ برس سے بالی ووڈ پر اپنی مسحورکن آواز کا جادو جگانے والے اریجیت سنگھ نے 2013 میں فلم عاشقی 2 کے گیتوں کے ذریعے غیر معمولی شہرت حاصل کی اور دیکھتے ہی دیکھتے موسیقی کی دنیا میں ایک منفرد مقام بنا لیا۔

اریجیت سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پیغام کے ذریعے اپنے اس اہم فیصلے سے مداحوں کو آگاہ کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اب بطور پلے بیک سنگر کسی نئے پراجیکٹ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے لکھا کہ وہ اس سفر کو یہیں ختم کر رہے ہیں اور یہ ان کے لیے ایک یادگار، شاندار اور ناقابلِ فراموش تجربہ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں گلوکار بھی محفوظ نہیں، بدنامِ زمانہ گینگسٹر کی جان سے مارنے کی دھمکی

اریجیت سنگھ کے اس اچانک اعلان نے ان لاکھوں مداحوں کو حیران کر دیا ہے جو طویل عرصے سے ان کی آواز اور گیتوں سے جذباتی طور پر جڑے ہوئے تھے۔

Scroll to Top