سونے کی قیمت زمین بوس! عالمی سطح پر تاریخی ریکارڈ کمی، پاکستان میں بھی بڑی گراوٹ کا امکان

سونے کی قیمت زمین بوس! عالمی سطح پر تاریخی ریکارڈ کمی، پاکستان میں بھی بڑی گراوٹ کا امکان

عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کے نرخوں میں کمی کا رجحان بدستور جاری ہے، جہاں سونے کی قیمت میں تاریخی سطح کی بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں 12 فیصد کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 4850 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔

اسی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں 30 فیصد کمی کے بعد چاندی کی فی اونس قیمت 83 ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس سے سرمایہ کاروں اور تاجروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز عالمی سطح پر سونے کے فی اونس نرخ میں 355 ڈالر کی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد قیمت 5150 کی سطح پر آ گئی تھی، جبکہ آج بھی سونے کی قیمت میں مزید 300 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں مسلسل کمی کے اس رجحان نے قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی نظر آنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں گراوٹ کے باعث آج پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں سونے کے فی تولہ نرخ میں 35 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی، جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت میں 1106 روپے کمی کے بعد نرخ 11 ہزار 69 روپے کی سطح پر آ گئے تھے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

Scroll to Top