پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی کے درمیان آبادی، خاندانی منصوبہ بندی اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی موجود تھے، جبکہ معاہدے پر اسپیشل سیکرٹری وقار شاہ اور یو این ایف پی اے کے ڈاکٹر لوئی شبانہ نے دستخط کیے۔
اس معاہدے کے تحت آبادی سے متعلق قانون سازی، پارلیمانی فورمز، آگاہی مہمات اور خاندانی منصوبہ بندی کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر اسپیکر بابر سلیم سواتی نے معاہدے کو تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ “آبادی میں توازن، صحت عامہ اور خواتین کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔”
یہ معاہدہ آبادی سے متعلق پالیسی سازی میں یو این ایف پی اے اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے تعاون کو مضبوط کرے گا اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں مددگار ثابت ہوگا۔