سی ایس ایس 2026 کے امتحان دینے والے امیدواروں کے لیے فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ایف پی ایس سی کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق سی ایس ایس تحریری امتحانات 4 فروری 2026 سے شروع ہوں گے اور تمام رجسٹرڈ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ امیدوار امتحان سے پہلے اپنے قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ کی میعاد چیک کریں اور اگر یہ ختم ہو چکی ہو تو فوری طور پر اسے ری نیو کروائیں۔ شناختی دستاویز کی میعاد ختم ہونے کی صورت میں کسی امیدوار کو امتحانی ہال میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحان شروع ہونے سے کم از کم 50 منٹ پہلے اپنی مخصوص نشستوں پر پہنچیں تاکہ شناخت کے عمل اور دیگر ضروری کاغذی کارروائی مکمل ہو سکے۔ تاخیر سے پہنچنے والے امیدواروں کو ہال میں داخل نہیں کیا جائے گا۔
کمیشن نے مزید کہا کہ امیدوار امتحانی ہال میں اضافی مواد، جیسے سٹینسلز، اضافی کاغذات یا نوٹس، نہیں لا سکتے اور صرف وہ اشیاء استعمال کر سکتے ہیں جو پہلے سے جاری ہدایات میں منظور کی گئی ہوں۔
امیدواروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ نہ صرف نئی ہدایات بلکہ پہلے سے جاری اصول و ضوابط کی بھی مکمل پیروی کریں، کیونکہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی کارروائی ہو سکتی ہے، جس میں امتحان کے لیے نااہلی بھی شامل ہے۔





