انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 کے سپر سکس مرحلے کا آج انتہائی اہم اور فیصلہ کن میچ بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے اور بھارتی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے زمبابوے میں شروع ہوگا۔
یہ میچ گروپ 2 کا آخری مقابلہ ہے، جس میں سیمی فائنل کے لیے ایک ٹیم کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ گروپ سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے، جبکہ بھارت اور پاکستان میں سے ایک ٹیم آج سیمی فائنل کا سفر جاری رکھے گی۔
بھارت کی پوزیشن:بھارت اس وقت چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں بہتر پوزیشن پر ہے اور اس کا نیٹ رن ریٹ 3.337 ہے۔ بھارت کے لیے صورتحال نسبتاً آسان ہے، اسے صرف میچ جیتنا ہے اور وہ براہ راست سیمی فائنل میں جگہ بنا لے گا۔
پاکستان کی چیلنجنگ صورتحال:دوسری جانب پاکستان کے چار پوائنٹس ہیں اور اس کا نیٹ رن ریٹ 1.484 ہے، جو بھارت سے کم ہے۔ پاکستان کو نہ صرف یہ میچ جیتنا ہوگا بلکہ بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنی ہوگی تاکہ وہ پوائنٹس میں بھارت کے برابر آ کر نیٹ رن ریٹ میں بھی آگے نکل سکے۔
ممکنہ حالات اور ہدف:
اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرے اور 300 رنز بنائے، تو اسے کم از کم 85 رنز کے فرق سے جیتنا ہوگا۔
اگر پاکستان پہلے بالنگ کرے اور بھارت کو تقریباً 200 رنز تک محدود رکھے، تو ہدف 31.5 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔
اگر بھارت 251 رنز بناتا ہے، تو پاکستان کو تقریباً 33.2 اوورز میں یہ ہدف حاصل کرنا ہوگا تاکہ سیمی فائنل کی راہ ہموار ہو۔
یہ میچ محض جیت یا ہار کا نہیں بلکہ رنز، اوورز اور اعصاب کا امتحان ہوگا۔ ایک چھوٹی سی لغزش یا فیصلہ غلط ہو تو کسی بھی ٹیم کا ورلڈ کپ سے باہر ہونا یقینی ہے، جس سے اس ٹاکرے کی اہمیت اور سنسنی کو اور بڑھا دیا گیا ہے۔
یہ روایتی حریف آج ایک ایسے ٹاکرے میں آمنے سامنے ہوں گے جہاں ہر گیند، ہر رنز اور ہر کھلاڑی کا کردار سیمی فائنل کی راہ کا فیصلہ کرے گا، اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی نظریں اس میچ پر جمی ہوئی ہیں۔





