سونے کی قیمتوں میں تاریخی اتار چڑھاؤ! 42 ہزار کا اضافہ اور 61 ہزار کی بڑی کمی، اصل وجہ سامنے آ گئی

سونے کی قیمتوں میں تاریخی اتار چڑھاؤ! 42 ہزار کا اضافہ اور 61 ہزار کی بڑی کمی، اصل وجہ سامنے آ گئی

ملک اور عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے سنسنی خیز اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ بدھ اور جمعرات کو ملکی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں 42 ہزار روپے سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم جمعہ اور ہفتہ کے دوران قیمت میں 61 ہزار روپے فی تولہ کی تاریخی کمی واقع ہوئی۔

یہ اضافہ اور پھر کمی ملکی تاریخ کے نمایاں ترین ریکارڈز میں شمار کی جا رہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی ہفتے کے روز فی اونس سونا 255 ڈالر سستا ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 4,895 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سونے کی قیمت پہلی بار 5,000 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی تھی۔ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی اور پلاٹینم کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی پہلی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیز ہیں، جن کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں بے چینی بڑھی اور انہوں نے محفوظ اثاثوں کی جانب، بالخصوص سونے کی طرف رخ کیا۔ دوسری وجہ عالمی سیاسی کشیدگی کو قرار دیا گیا، جبکہ تیسری بڑی وجہ مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر سونے کی خریداری کو قرار دیا گیا ہے۔

ماہرین نے مزید کہا کہ اگرچہ دو دن کے دوران قیمتوں میں کمی واقع ہوئی، لیکن گزشتہ سال کے مقابلے میں سونے، چاندی اور پلاٹینم کی قیمتیں اب بھی کافی بلند سطح پر ہیں، جس سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی برقرار ہے۔

Scroll to Top