تیراہ متاثرین کیساتھ مکمل یکجہتی! باڑہ سیاسی اتحاد نے صوبائی حکومت کی نااہلی کیخلاف زبردست اعلان کر دیا

تیراہ متاثرین کیساتھ مکمل یکجہتی! باڑہ سیاسی اتحاد نے صوبائی حکومت کی نااہلی کیخلاف زبردست اعلان کر دیا

باڑہ سیاسی اتحاد نے تیراہ سے عارضی نقل مکانی کرنے والے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی، ہمدردی اور بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان تیراہ کے مسئلے پر ہونے والے اہم جرگے کے بعد سامنے آیا، جس میں قبائلی مشران اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

جرگے کے شرکاء نے کھل کر امن کے حق میں اپنی آواز بلند کی اور صوبائی حکومت کی نااہلی پر شدید تنقید کی۔ جرگہ مشران نے کہا کہ تیراہ متاثرین کے لیے مختص 4 ارب روپے کی تقسیم میں کرپشن اور سیاسی مداخلت ناقابلِ قبول ہے، اور اس معاملے میں تاخیر ناقابلِ برداشت ہے

سابق چیئرمین باڑہ سیاسی اتحاد حاجی شیریں آفریدی نے جرگے کے ایجنڈے کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ خوارج کے ساتھ دو مرتبہ مذاکرات کیے گئے، اور اس کے بعد ذمہ داری صوبائی حکومت اور تیراہ کے مشران کو سونپی گئی، مگر دونوں جرگے ناکام رہے۔

جرگے کے شرکاء نے واضح کیا کہ تیراہ کے متاثرین کے مسائل کسی ایک علاقے یا قبیلے تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی قومی مسئلہ ہے، اور اس کے حل میں مزید تاخیر قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وادیٔ تیراہ میں فوری طور پر مکمل امن بحال کیا جائے اور مستقبل میں پائیدار امن کی ضمانت دی جائے۔

خوارج کی جانب سے جاری فائرنگ، شیلنگ، گھروں پر مارٹر حملے اور کواڈ کاپٹر گرانے جیسے اقدامات کو فوری طور پر بند کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا گیا، کیونکہ یہ کارروائیاں عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا رہی ہیں۔

جرگے کے مشران نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ تیراہ متاثرین کی باعزت واپسی کو یقینی بنایا جائے، اور متاثرین سے کیے گئے تمام وعدوں اور معاہدوں کو تحریری اور عملی طور پر نافذ کیا جائے۔ ساتھ ہی متاثرین کی گاڑیوں کے واجب الادا بقایا جات فوری ادا کرنے، رجسٹریشن کے عمل میں سیاسی مداخلت اور کرپشن کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کی بھی تاکید کی گئی۔

مزید برآں، جرگے نے اپر باڑہ اور باڑہ پلین ایریا میں تشویشناک امن و امان کی صورتحال پر ہنگامی اقدامات کرنے، تیراہ میں گھر یا جائیداد رکھنے والے تمام رہائشیوں کو آئی ڈی پیز سٹیٹس دینے اور سب کو امدادی پیکیج میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔

جرگہ مشران نے اعلان کیا کہ قیامِ امن کے لیے باڑہ میں امن تحریک کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

باڑہ سیاسی اتحاد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر فورم پر تیراہ متاثرین کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کے حقوق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

Scroll to Top