پختون قوم کے قومی جرگے نے سہیل آفریدی کو مسترد کر دیا، ڈاکٹر عباداللہ خان

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد خان نے کہا ہے کہ پختون قوم کے قومی جرگے نے سہیل آفریدی کو مسترد کر دیا ہے۔

قائد حزب اختلاف صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کا ضلع خیبر میں امن جرگہ خود کو مظلوم ثابت کرنے کی ناکام کوشش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امن کے نام پر بار بار جرگے منعقد کیے جاتے ہیں، مگر عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر عباداللہ نے عوام سے کہا کہ انہیں نعروں کی نہیں بلکہ عملی ریلیف اور مستقل حل کی ضرورت ہے، اور صوبائی حکومت کی عدم توجہی مسائل کو مزید پیچیدہ کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: باڑہ سیاسی اتحادجرگہ :تیراہ متاثرین کی رجسٹریشن میں سیاسی مداخلت اور کرپشن کی تحقیقات کا مطالبہ

واضح رہے باڑہ سیاسی اتحاد نے تیراہ سے عارضی نقل مکانی کرنے والے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان تیراہ کے اہم جرگے کے بعد سامنے آیا، جس میں قبائلی مشران اور سیاسی رہنماؤں نے حصہ لیا۔

جرگے میں صوبائی حکومت کی نااہلی، متاثرین کے لیے مختص 4 ارب روپے کی تقسیم میں کرپشن اور سیاسی مداخلت پر شدید تنقید کی گئی۔ مشران نے کہا کہ تیراہ کے مسائل قومی نوعیت کے ہیں اور فوری امن، متاثرین کی باعزت واپسی، وعدوں کی عملی تکمیل اور امدادی پیکجز کی فراہمی ضروری ہے۔

جرگے نے خوارج کی فائرنگ، شیلنگ اور دیگر حملوں کو فوری بند کرنے پر بھی زور دیا۔ مزید برآں، اپر باڑہ اور باڑہ پلین ایریا میں امن و امان کے اقدامات، آئی ڈی پیز کا اسٹیٹس اور امن تحریک کے قیام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

باڑہ سیاسی اتحاد نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ہر فورم پر تیراہ متاثرین کے حقوق کے حصول تک کھڑا رہے گا۔

Scroll to Top