ہوشاب، بلوچستان: پاک فوج کے کمانڈوز نے ہوشاب بلوچستان میں اہم آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے انتہائی مطلوب کمانڈر بشام بچھو کو ہلاک کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی صوبے میں امن و امان قائم رکھنے اور دہشت گرد عناصر کے نیٹ ورک کو کمزور کرنے کے لیے کی گئی۔
پاک فوج کے مطابق کارروائی کے دوران کمانڈوز نے پیشہ ورانہ مہارت اور مکمل حکمت عملی کے تحت دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بی ایل اے کے خطرناک کمانڈر بشام بچھو جہنم واصل ہوا۔
فوج نے مزید بتایا کہ اس کامیابی سے علاقے میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر شدید اثر پڑے گا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بشام بچھو طویل عرصے سے بلوچستان میں بی ایل اے کی کارروائیوں کی قیادت کر رہا تھا اور اسے متعدد حملوں میں ملوث ہونے کے شبہات تھے۔
پاک فوج کے اس آپریشن کو علاقائی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں بی ایل اے دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری، 48 گھنٹوں میں 172 دہشت گرد ہلاک
یاد رہے کہ گزشتہ دن بھارتی بی ایل اے سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف افواجِ پاکستان کا آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 172 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف پچھلے ایک گھنٹے کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے، ان کارروائیوں میں نوشکی میں 7، ہوشاب میں 6 جبکہ تربت میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق نوشکی میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے مزاحمت کی تاہم افواجِ پاکستان نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تمام 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ہوشاب میں بھی دہشت گردوں کے ایک نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا جہاں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ تربت میں ایک دہشت گرد کو کامیاب کارروائی میں انجام تک پہنچایا گیا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کا مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔





