تاریخی کمی کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ ریکارڈ

تاریخی کمی کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ ریکارڈ

منگل کو عالمی مارکیٹ میں شدید فروخت کے دباؤ کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو سرمایہ کاروں کے لیے اچانک خوشخبری کے مترادف ہے۔

یہ بحالی اس وقت سامنے آئی جب امریکی فیڈ چیئرمین کے لیے کیون وارش کی نامزدگی اور سی ایم ای گروپ کی جانب سے مارجن کی شرائط سخت کیے جانے کے بعد قیمتی دھاتوں کی قیمتیں ایک ماہ کی کم ترین سطح تک گر گئی تھیں۔ رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ 2.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,767.33 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جبکہ پیر کو یہ تقریباً ایک ماہ کی کم ترین سطح پر تھا۔ یاد رہے کہ جمعرات کو سونا 5,594.82 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح تک پہنچ چکا تھا۔ اپریل ڈیلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 3 فیصد بڑھ کر 4,791.10 ڈالر فی اونس ہو گئے۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ بحالی قیمتیں زیادہ معقول سطح کی عکاسی کرتی ہیں، کیونکہ گزشتہ چند ہفتوں میں قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تھا۔ موجودہ بحالی قیمتیں جنوری کے دوسرے نصف کے آغاز والی سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

جنوری میں سونے کی قیمت میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ہوا، جو نومبر 2009 کے بعد سب سے بڑی ماہانہ بڑھوتری تھی، جبکہ چاندی کی قیمت 19 فیصد تک مہنگی ہوئی۔ تاہم کیون وارش کی نامزدگی کے بعد ڈالر کی مضبوطی اور مارجن شرائط میں اضافے نے قیمتی دھاتوں پر دباؤ بڑھایا۔ سی ایم ای گروپ نے پیر کی مارکیٹ بندش کے بعد قیمتی دھاتوں کے فیوچرز پر مارجن کی ضروریات بڑھا دیں۔

دوسری جانب امریکی لیبر بیورو نے اطلاع دی ہے کہ جزوی سرکاری شٹ ڈاؤن کے باعث جنوری کی ملازمتوں سے متعلق رپورٹ جمعے کو جاری نہیں کی جائے گی۔ سرمایہ کار توقع کر رہے ہیں کہ 2026 میں فیڈرل ریزرو کم از کم دو مرتبہ شرح سود میں کمی کرے گا، اور کم شرح سود کے ماحول میں بغیر منافع دینے والا سونا عموماً بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔

اسپاٹ سلور بھی 2.8 فیصد اضافے کے ساتھ 81.61 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی، جبکہ پلاٹینم میں معمولی اضافہ اور پیلیڈیم میں معمولی کمی دیکھی گئی۔

Scroll to Top