بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، مفت سم حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آ گیا

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت مستحق خاندانوں کو مفت موبائل سم فراہم کرنے کے طریقۂ کار سے آگاہ کر دیا ہے۔

بی آئی ایس پی کے مطابق اس اقدام کا مقصد مستحق افراد کو ادائیگیوں کے عمل میں سہولت اور شفافیت فراہم کرنا ہے۔

بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں بتایا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ بینیفشریز اپنے اصل قومی شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ہمراہ قریبی بی آئی ایس پی دفتر یا مقررہ کیمپ سائٹس کا رخ کریں۔ وہاں اسکریننگ کاؤنٹر پر پہلے اہلیت کی جانچ کی جائے گی اور اہل قرار دیے جانے پر ٹوکن جاری کیا جائے گاجس کے بعد سم اجرا کے کاؤنٹر پر بھیجا جائے گا۔

سم اجرا کے مرحلے پر بائیو میٹرک تصدیق مکمل ہونے کے بعد مستحق فرد کو مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی جسے ٹیلی کام کمپنی کا نمائندہ موقع پر ہی موبائل فون میں ڈال کر فعال کر دے گا۔

جاری کی گئی سم کا نمبر بی آئی ایس پی کے ڈیٹا بیس میں محفوظ کر لیا جائے گا تاکہ تمام ریکارڈ مکمل اور محفوظ رہے۔

بی آئی ایس پی نے بینیفشریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ سم کسی دوسرے فرد کے حوالے نہ کریں اور اسے ہمہ وقت فعال رکھیں کیونکہ 8171 سے بھیجے جانے والے تمام اہم پیغامات اسی نمبر پر موصول ہوں گے۔

واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے رجسٹرڈ شہریوں کو رقوم کی ادائیگی کے لیے نیا نظام ’سوشل پروٹیکشن والٹ‘ متعارف کرایا ہے جس کا مقصد ادائیگیوں کے نظام کو مزید آسان اور شفاف بنانا ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا ہے کہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے اجرا کے ساتھ ہی رجسٹرڈ خواتین میں مفت سم کارڈز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔

ان کے مطابق خواتین اپنے شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی دفتر یا کیمپ سائٹ پر جا کر بائیو میٹرک تصدیق کے بعد مفت سم حاصل کر سکتی ہیں، جس کے ذریعے ان کا سوشل پروٹیکشن والٹ فعال ہو جائے گا۔

سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا کہ سم کے حصول کے لیے کسی قسم کی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں، یہ سہولت مکمل طور پر مفت ہے۔ انہوں نے مستحق خواتین کو خبردار کیا کہ وہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے قیام کے لیے کسی غیر مجاز فرد یا ادارے سے رابطہ نہ کریں، کیونکہ یہ نظام صرف بی آئی ایس پی کے ذریعے ہی فعال کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں تمام مالی معاونت اسی سوشل پروٹیکشن والٹ کے ذریعے فراہم کی جائے گی اور ادائیگیوں سے متعلق تمام پیغامات بھی اسی سم نمبر پر موصول ہوں گے۔

Scroll to Top