پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کے وژن اور ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) پشاور نے صوبے کے امتحانی نظام کو جدید بنانے کے لیے آن سکرین مارکنگ (On-Screen Marking) سافٹ ویئر باضابطہ طور پر متعارف کروا دیا ہے۔
اس حوالے سے پشاور بورڈ میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں صوبے بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران پشاور بورڈ کی جانب سے تیار کردہ یہ جدید سافٹ ویئر تمام بورڈز کے حوالے کیا گیا۔
حکومتِ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری کی خصوصی ہدایات پر مینوئل مارکنگ کے خاتمے اور نتائج میں شفافیت لانے کے لیے پشاور بورڈ کی آئی ٹی ٹیم کو ٹاسک دیا گیا تھا۔
ماہرین کی اس ٹیم نے دن رات محنت کر کے محض 60 دنوں کے مختصر عرصے میں ایک محفوظ اور جامع سافٹ ویئر تیار کیا، جو انسانی غلطیوں کے خاتمے اور پرچہ جات کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔
تقریب میں شرکاء کو بتایا گیا کہ پشاور بورڈ نے نہ صرف مارکنگ سافٹ ویئر بلکہ ای-انسر شیٹ (E-Answer Sheet) کی تیاری کا ہدف بھی کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔ اس نظام کے تحت تمام بورڈز کو ای-شیٹ اور ڈیجیٹل مارکنگ کی عملی تربیت دی گئی۔
سسٹم کی جانچ کے لیے لائیو ٹیسٹنگ سیشنز منعقد کیے گئے۔ تمام بورڈز کے سرور کنفیگریشن (Server Configuration) کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ پورے صوبے میں یکساں نظام نافذ ہو سکے۔
پشاور بورڈ کے حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ اقدام صوبے کی تعلیمی تاریخ میں ایک یادگار موڑ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : رمضان میں بازاروں کے حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن کا سخت فیصلہ
ہمارا مقصد امتحانی نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے تاکہ طلبہ کا اعتماد بحال ہو اور نتائج میں کسی بھی قسم کی جانبداری یا غلطی کا امکان باقی نہ رہے۔
بورڈ حکام نے مزید یقین دہانی کرائی کہ وہ صوبے کے دیگر تمام بورڈز کو مسلسل ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کریں گے تاکہ اس ڈیجیٹل منتقلی کو بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔
اس نئے نظام سے نہ صرف نتائج کی تیاری میں تیزی آئے گی بلکہ پرچہ جات کی گمشدگی یا نمبروں کی غلط گنتی جیسے دیرینہ مسائل کا بھی ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔





