نیول ہیڈ کوارٹرز میں اہم ملاقات: پاکستان اور لیبیا کے دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا فیصلہ

اسلام آباد: لیبیا کی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف، لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے اسلام آباد میں نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے اہم ملاقات کی۔

نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں بحری سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دفاع و تربیت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں لیبیا کی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر ان چیف نے خطے میں امن کے قیام اور بحری حدود کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے پاک بحریہ کو علاقائی استحکام کے لیے ایک کلیدی قوت قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور لیبیا کے درمیان موجودہ دفاعی تعلقات کو مزید متنوع اور مضبوط بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، پی ٹی آئی ہر چیلنج میں ہراول دستہ ہوگی، شفیع جان

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تربیت اور دفاعی مہارتوں کے تبادلے کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔

دفاعی ماہرین اس دورے کو پاکستان اور لیبیا کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دفاعی سفارت کاری کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔

Scroll to Top