اسلام آباد؛ ترجمان حکومتِ خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک قومی مسئلہ ہے جس سے پورا پاکستان متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر وفاقی حکومت کسی بھی قسم کا آپریشن شروع کرنا چاہتی ہے تو اسے پہلے صوبائی حکومت کو اعتماد میں لینا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وزیر اعظم کے سامنے خیبر پختونخوا میں ممکنہ آپریشن کا معاملہ پہلے ہی رکھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی جیسے سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت، تمام صوبائی حکومتوں اور سیکیورٹی فورسز کو ایک میز پر بیٹھنا چاہیے تاکہ ایک متفقہ اور مربوط حکمتِ عملی اپنائی جا سکے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نے واضح کیا کہ ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا:
پاکستان ہے تو سیاست بھی ہے اور باقی سب کچھ بھی۔ ہمارا پہلے دن سے یہی مطالبہ ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر بیٹھیں۔
بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں متحد ہونا پڑے گا، اور جب بھی پاکستان کے مفاد کی بات ہوگی، پی ٹی آئی سب سے دو ہاتھ آگے ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : آج سجے گا پشاور میں کھیلوں کا میلہ؛ انڈر 21 گیمز میں 5 ہزار کھلاڑیوں کا جوڑ پڑے گا
شفیع جان نے بھارتی مداخلت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اب ڈھکی چھپی بات نہیں کہ ملک میں عدم استحکام کے لیے بھارتی فنڈنگ استعمال ہو رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انڈین فنڈنگ اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جانا چاہیے۔
ترجمان خیبر پختونخوا حکومت نے ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک نکتے پر اکٹھا ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس حوالے سے قدم بڑھانا چاہیے۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے اور تمام اداروں کو ملک کی خاطر اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ دینے چاہئیں۔





